نئی دہلی28جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر کے اودھم پور میں جلد ہی فوج کا ایک سپر اسپیشلٹی اسپتال بنایا جائے گا، جس میں جدید ترین حفظان صحت کی سہولیات کے علاوہ ڈی ایم اور ایم سی ایچ تربیت یافتہ سپراسپیشلسٹ ڈاکٹر موجود ہوں گے۔ آج یہاں اس کی اطلاع دیتے ہوئے شمال مشرقی خطوں کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزیر اعظم کے دفتر، عملے، عوامی شکایات اور پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا ہے کہ امید ہے کہ یہ اسپتال اگلے سال کے شروع میں کام کرنے لگے گا، البتہ انہوں نے ذاتی طورپر وزیر دفاع محترمہ نرملا سیتا رمن کو خط لکھا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ کی تکمیل میں تیزی لائیں ، تاکہ اس کی تکمیل وقت سے پہلے ہوسکے اور یہ اسپتال اس سال کے آخر تک کام کرنے لگے۔اس سے پہلے دن میں مسلح افواج کی طبی خدمات (اے ایف ایم ایس)کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل بپن پوری نے ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں اودھم پور کی شمالی کمان کے تحت ایک سپراسپیشلٹی اسپتال کی تعمیر کی تازہ صورتحال کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ اودھم پور میں فوجی اسپتال نہ صرف ہندوستان کے لئے بلکہ پورے خطے کے لئے ایک عظم حفظان صحت کا عظیم اقدام ثابت ہوگا۔ دوسری جانب انہوں نے کہا کہ یہ اسپتال بڑی تعداد میں مسلح افواج کے اہلکاروں اور ان کے کنبوں کو ، جو خطے میں تعینات ہیں اعلیٰ معیار کا علاج فراہم کرے گا۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے خطے میں حفظان صحت کے کئی کیمپ منعقد کرنے میں آرمی میڈیکل کور (اے ایم سی) کے تعاون کی ستائش کی۔ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ شمالی بھارت کے پہلے دریا کی صفائی اور تعمیر نو کے لئے دیویکا سمیت دریاؤں کے احیا ء کا قومی پروجیکٹ(این آر آر پی)کے ساتھ ساتھ اودھم پور میں پہلا ریڈیو اسٹیشن بھی سال کے آخر تک کام کرنے لگے گا اور فوج کا سپر اسپیشلٹی اسپتال ضلع کا ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔